وزیراعظم شہبازشریف آج لندن سے نیویارک پہنچیں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستترویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔
وہ نیویارک میں اپنے قیام کے دوران دیگر ملکوں کے رہنمائوں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں کریںگے۔وزیراعظم کل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے دیے جانے والے استقبالیے میں شرکت کریںگے اور فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکخواں سے بھی ملاقات کریںگے۔شہبازشریف کل آسٹریا کے چانسلر اور سپین کے صدر سے بھی ملاقاتیں کرینگے۔وہ یورپی یونین کونسل کے صدرچارلس Michael سے ملاقات کریںگے۔وزیراعظم غذائی تحفظ کے بارے میں عالمی سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کرینگے۔بدھ کے روز شہبازشریف آئی ایم ایف کی کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور عالمی بنک کے صدر ڈیوڈ ملز سے ملاقات کرینگے۔شہبازشریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے بھی ملاقات کریںگے۔ بدھ کے روز وہ ترکیہ کے صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیںگے۔وزیراعظم کی دیگر مصروفیات میں ملائیشیا کے وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سے ملاقاتیں شامل ہیں۔شہبازشریف چین، جاپان اور لکسمبرگ کے وزرائے اعظم سے بھی ملاقاتیں کرینگے۔وزیراعظم جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے۔امریکا میں اپنے قیام کے دوران شہبازشریف معروف امریکی صحافیوں کو انٹرویوز بھی دیںگے۔
