آج کے ترکیہ کے اہم اخبارات کی اہم خبروں کے ساتھ حاضرِ خدمت ہیں ۔
***روزنامہ حریت: "ایردوان : ہم مل کر اس صدی کو ترکیہ صدی بنائیں گے”
صدر رجب طیب ایردوان نے گزشتہ روز استنبول میں منعقدہ شرکتی مالیاتی حکمت عملی دستاویز کے تعارفی اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا، "مجھے امید ہے کہ ہم افراط زر کے مسئلے پر قابو پا کر اس صدی کو ترکیہ صدی سے منسوب کریں گے۔
***روزنامہ صباح : "چاووش اولو: ہم بغیر کسی ہچکچاہٹ کے لیبیا کے ساتھ کھڑے ہوں گے”
وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے لیبیا کے سرکاری دورے کے دائرہ کار میں دارالحکومت طرابلس میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ مشکل وقت میں لیبیا اور لیبیا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اس کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور لیبیا کے درمیان ہائیڈرو کاربن کے شعبے میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔
***روزنامہ اسٹار: "برطانیہ اپنی ذمہ داری نبھانے سے گریز کررہا ہے ، ترکیہ واحد ملک ہے جس پر ہمیں بھروسہ ہے "
شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے صدر ایرسین تاتار نے کہا ہے کہ امریکہ کی یونانی قبرصی انتظامیہ پر ہتھیاروں کی پابندی کو ختم کرنے کے بارے میں برطانیہ ایک ضامن ملکہے اور اس سلسلے میں اس پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے لیکن اس وقت ترکی واحد ملک ہے جس پر ہمیں مکمل اعتماد ہے ۔
***روزنامہ خبر ترک : "پامک قلعے ، نو ماہ میں ایک ملین 557 ہزار سیاحوں کی آمد "
دینزلی میں مشہور سیاحتی مرکز پامک قلعے کی یکم جنوری سے 30 ستمبر 2022 کے درمیان 1 عرصے میں ایک ملین 557 ہزار 851 سیاحوں نے سیر کی۔
***روزنامہ ینی شفق: "ازمیر کے یاسی تپے میں پانچ ہزار سالہ پرانے آثار "
ازمیر کے بورنووا ضلع کے یشیل اووہ کے کھنڈرات میں کی جانے والی کھدائی میں، پانچ ہزار سالہ پرانا ایک پیالہ برآمد ہوا ہے۔ کھدائی کرنے والی ٹیم کے سربراہ، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ظفر دیرین نے کہا کہ باقیات کا جائزہ لے کر 5 ہزار سال قبل کے کھانے پینے کی اشیاء اور فوڈ کلچر کے بارے میں نئی معلومات تک رسائی حاصل کرنا ہے۔
