پولیو ویکسین ایک مذہبی، طبی اور انسانی فریضہ ہے، جامعہ الازہر
اکتوبر 13, 2022
القمر
دنیا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی دینی درس گاہ مصر کی جامعہ الازہر نے پاکستان میں پولیو ویکسین پر پابندی کے حوالے سے فتوے جاری کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ویکسین ایک مذہبی، طبی اور انسانی فریضہ ہے۔
یونیورسٹی کی جانب سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا گیا کہ پولیو ویکسین پر پابندی عائد کرنا پاکستان میں بچوں اور خاندانوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے، شریعت کے مطابق ایسی ویکسین کے استعمال سے گریز ممنوع ہے جو بچے کی صحت کے لیے فائدہ مند ہو۔
پاکستان میں بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کے لیے حکام کو ویکسین کے حوالے سے افواہوں، خوف اور ورکرز پر تشدد کا بڑا چیلنج درپیش ہے جہاں رواں سال ملک میں اس لاعلاج مرض کے 19 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
وزیرصحت عبدالقادر پٹیل کی قاہرہ میں جامعہ الازہر کے امام احمد الطیب سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں عبدالقادر پٹیل نے پاکستان میں سیلاب سے تباہ کاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
پاکستان کی وزارت برائے قومی صحت اور خدمات نے ٹوئٹ کرتے ہوئے ملاقات کی تصدیق کی۔
یونیورسٹی کی جانب سے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں، بے گھر افراد اور وبائی امراض کے پھیلاؤ کے حوالے سے تمام ممالک، عوام اور امدادی اداروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں اور اس مشکل میں پاکستان کی مدد کریں۔
امام احمد الطیب نے سیلاب سے جاں بحق افراد کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک باہمت قوم ہے اور اس قدرتی آفت کا مقابلہ کرسکتی ہے۔