English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان آج راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ کا اعلان کریں گے

القمر

سابق وزیراعظم عمران خان آج پنجاب کے ضلع روات میں چک بیلی کے مقام پر ’حقیقی آزادی مارچ‘ کے شرکا سے خطاب میں اہم اعلان کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آج شاہ محمودقریشی اور اسدعمر کی قیادت میں پہنچنے والے مارچوں کا اجتماع روات میں ہوگا، آج ایک تاریخی اجتماع ہوگا جس سے پاکستانی قوم کے متفقہ لیڈرعمران خان سوا4 بجےاہم خطاب کریں گے۔

مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان خطاب کے دوران آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کریں گے، اس وقت پوری قوم شدت سے عمران خان کے خطاب کاانتظار کر رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے لیڈر کی کال کے لیے تیار ہے اور پاکستانی قوم بھرپورپیغام دےگی کہ یہ قوم کسی کی غلامی قبول نہیں کرے گی۔

پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹراکاؤنٹ کی پوسٹ کے مطابق عمران خان آزادی مارچ کی راولپنڈی آمد کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کوریلی نکالنےکی مشروط اجازت دے دی۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری شدہ این اوسی میں کہا گیا کہ ریلی اسلام آبادایکسپریس وے سے چک بیلی تک نکالنے کی اجازت ہو گی۔

این او سی کے مطابق ریڈ زون اور باقی علاقوں میں دفعہ 144 کا نفاذ رہے گا، کوئی بھی سڑک کسی طرح سے بلاک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، سرکاری اور نجی املاک کو ہرگز نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔

این او سی میں کہا گیا ہے کہ ریلی کے لئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس باقاعدہ ٹریفک پلان جاری کرے گی، ریاست، مذہب، نظریہ پاکستان کے مخالف نعروں اور تقریروں کی اجازت نہیں ہوگی۔

ریلی میں ہتھیار، اسلحہ اور ڈنڈے وغیرہ لانے پر کارروائی ہوگی اور شرائط کی خلاف ورزی پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ریلی میں 18سال سے کم بچوں کی شرکت پرپابندی ہو گی اور آرگنائزر اس بات کویقینی بنائیں گےکہ شرکا مقررہ روٹ استعمال کریں۔ این او سی میں کہا گیا کہ ایمبولینس، فائربریگیڈاور دیگرگاڑیوں کو راستہ دیاجائےگا تاہم شرائط کی خلاف ورزی پر این او سی منسوخ کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے دونوں حصے شاہ محمود اور اسد عمر کی قیادت میں دو مختلف روٹس پر آج روات میں اکٹھے ہوں گے۔

عمران خان سوا چار بجے ویڈیو لنک پر شرکاء سے خطاب کریں گے اور اپنے خطاب میں راولپنڈی جانے کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کا لاہور سے شروع ہونے والا لانگ مارچ گزشتہ روز جہلم پہنچا تھا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے