یورپی یونین نے روس کو "دہشت گردی کا اسپانسر "ملک اعلان کر دیا ہے۔
یورپی پارلیمنٹ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "پارلیمنٹ نے روس کی طرف سے یوکرین کے لئے کھولی گئی سنگدلانہ جنگ کی حالیہ صورتحال سے متعلق ایک فیصلہ بِل کی منظوری دی ہے۔ فیصلے میں پارلیمنٹ کے ممبران نے، یوکرین میں روسی فورسز کے حملوں اور وحشیانہ روّیے ،شہری انفراسٹرکچر کی تباہی اور بین الاقوامی و انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دہشت گردی اور جنگی جرائم قرار دیا ہے۔ ان سب پہلووں کی روشنی میں روس کو دہشت گردی کا اسپانسر اور دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے والا ملک تسلیم کیا گیا ہے”۔
بِل میں یورپی یونین سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردی فہرست سے متعلق قانونی دائرہ کارکی تجدید کر کے روس کی اس فہرست میں شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ بِل میں ویگنر گروپ اور روسی مالی معاونت کے حامل مسلح گروپوں کو بھی دہشت گردی کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یورپی یونین کے اسمبلی ممبران نے کہا ہے کہ 24 فروری سے جاری جنگ میں روس کے ہاتھوں ہزاروں یوکرینی شہریوں اور بچوں کی ہلاکت اور 40 ہزار سے زائد جنگی جرائم کا ارتکاب دستاویزی شکل اختیار کر گیا ہے۔
بِل میں اپیل کی گئی ہے کہ عالمی سطح پر روس کو مزید تنہا کیا جائے اور یورپی یونین میں روسی پروپیگنڈہ کرنے والی تنظیموں کو یا تو بند کیا جائے یا پھر ممنوع قرار دیا جائے۔
ممبران نے یورپی یونین سے روس کے خلاف 9 ویں پابندی پیکیج کو مکمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
