نیٹو سیکریٹری جنرل ژانز اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین موسم سرما کے سخت حالات کو یوکرین کے خلاف بطور اسلحہ استعمال کر رہے ہیں۔
اسٹولٹن برگ نے رومانیہ میں ہونے والے نیٹو وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل رومانیہ کے صدر کلاوس یوحانس کے ہمراہ بخارسٹ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کا اہتمام کیا ۔
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ امید ہے کہ وزرائے خارجہ یوکرین سے تعاون کی راہیں تلاش کریں گے،ہم پوتین کو جیتنے نہیں دیں گے مگر وہ اپنے مقاصد کے حصول کی خاطر طاقت کا استعمال کر سکتے ہیں۔
اسٹولٹن برگ نے امکان ظاہر کیا کہ روس ،یوکرین کے بجلی،گیس اور دیگر بنیادی ذرائع تباہ کرنے کے درپے ہے،روسی صدر موسم سرما کے سخت حالات کو یوکرین کے خلاف بطور اسلحہ استعمال کرنے کی کوشش میں ہیں۔
رومانیہ کے صدر یوحانس نے بھی کہا ہے کہ ان کا ملک نیٹو کے تحفظ میں اپنی خدمات پیش کرتا رہےگا ۔
