پاکستان

وزیراعظم کا ملک بھر میں گھریلو گیس کنکشن کھولنے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں گھریلو گیس کنکشن کھولنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آر ایل این جی کے ذریعے عوام کو معیاری ایندھن کی فراہمی ممکن بنادی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق اسلام آباد میں ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کے گھریلو کنکشنز کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لاکھوں صارفین طویل عرصے سے گیس کنکشن کے منتظر تھے، تاہم اب حکومت نے اس اہم عوامی مطالبے کو پورا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں حکومت سنبھالنے کے بعد گیس کی شدید قلت اور مانگ میں اضافے کی وجہ سے کنکشن فراہم کرنا ممکن نہیں تھا مگر اب صورتحال بہتر بنا دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ “آج گھریلو صارفین کیلئے معیاری ایندھن دستیاب ہوگیا ہے، یہ میاں نواز شریف کے عوامی خدمت کے تسلسل کا نتیجہ ہے جنہوں نے ماضی میں ملک میں 18، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا۔”

شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم اتحاد کی مشترکہ کاوشوں سے توانائی کے بحران کو حل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے دن رات محنت کرنا ہوگی تاکہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنایا جاسکے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر تختی کی نقاب کشائی کرکے آر ایل این جی کنکشنز کی فراہمی کا باضابطہ افتتاح بھی کیا۔

وفاقی وزیر توانائی و پٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک نے اس موقع پر بتایا کہ حکومت نے قطر سمیت مختلف ممالک کے ساتھ مل کر توانائی کے مسئلے کے مستقل حل پر توجہ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2026 تک مقامی ایندھن کے کنوئیں بھی فعال کردیے جائیں گے تاکہ عوام کو سستا اور ماحول دوست ایندھن فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال میں ایس این جی پی ایل نے 29 ارب روپے منافع کمایا ہے جبکہ لائن لاسز کم ہوکر 4.93 فیصد پر آگئے ہیں،آر ایل این جی محفوظ اور ماحول دوست ایندھن ہے جس سے گھریلو صارفین کو اب سلنڈر رکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

شہریوں نے گھریلو گیس کنکشنز کے دوبارہ اجراء پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے زندگی آسان ہوگی، گیس کے نرخوں میں کمی اور سپلائی کے تسلسل کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی ریلیف برقرار رہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button