خیبر پختونخوا کے ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں لگاتار دوسرے دن آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ایک خاتون جاں بحق اور متعدد مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
گلیات کے ڈی ایس پی جمیل الرحمٰن نے بتایا کہ ہزارہ ڈویژن میں ضلع ایبٹ آباد کے علاقے گلیات میں دو مکانات کی چھتیں گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ آدھی رات کو پیش آیا اور زخمی ہونے والے بچے کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا شدید بارش کی وجہ سے ایبٹ آباد کا ایوب ٹیچنگ ہسپتال زیر آب آگیا۔
ڈپٹی کمشنر حمید الرحمٰن نے بتایا کہ ضلع شانگلہ میں تودے گرنے سے کم از کم تین مکانات، ایک ہوٹل، ایک پانی کی نہر اور چار کاریں تباہ ہو گئیں۔

