مغربی جرمنی میں سیلاب کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے اور کم از کم چھ مکانات منہدم ہوگئے۔
جرمن چینل ARD کے مطابق جرمنی کی پولیس نے بتایا کہ دریائے احر میں سیلاب کے باعث بون کے جنوبی علاقے اہروائلر کے گرد و نواح میں چار افراد ہلاک اور 30 لاپتہ ہیں اور کئی مکانات منہدم ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں تقریباً 50 افراد مکانات کی چھتوں پر پھنسے ہوئے ہیں جبکہ مزید کئی مکانات کے منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ بہت ساری جگہیں ایسی ہیں جہاں فائر بریگیڈ اور امدادی رضاکار کو تعینات کیا گیا ہے، ہمارے پاس ابھی تک واضح اطلاعات نہیں ہیں کیونکہ امدادی اقدامات جاری ہیں‘۔
پولیس نے بتایا کہ بون کے شمال مشرق میں واقع ساورلینڈ کے علاقے میں دو فائر فائٹرز ہلاک ہوگئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ایک ڈوب گیا تھا اور دوسرا امدادی کارروائی کے دوران ہلاک ہوا۔
خطے میں ریل اور سڑک کی آمدورفت کا نظام تباہ ہوگیا ہے اور ایک اہم تجارتی جہاز رانی بند کردی گئی ہے۔
جرمن محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ جرمن جہاز رانی کے اوپری حصوں ، جنوب مغربی جرمنی میں مزید تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔
