ایران نے امریکی افواج کے خلاف حملوں میں ’اسٹارلنک‘ استعمال کیا، واشنگٹن پوسٹ کا دعویٰ


ایران کی جانب سے اسٹارلنک کے استعمال کی اطلاعات نے اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک کو بھی شدید برہم کردیا،امریکی اخبار کی رپورٹ

شائع

فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد امریکی افواج کے خلاف کارروائیوں میں ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس ’اسٹارلنک‘ استعمال کی۔

اسٹارلنک اسپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس ہے جبکہ اسٹار شیلڈ اسی کمپنی کا عسکری نوعیت کا پلیٹ فارم ہے۔ جنگی علاقوں میں ان ٹیکنالوجیز کا استعمال اور ان پر مختلف حکومتوں کا کنٹرول عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسٹارلنک کے استعمال کی اطلاعات نے اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک کو بھی شدید برہم کردیا۔

رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کو اسٹارلنک کے 2 ایسے غیر مجاز استعمال کے بارے میں آگاہ کیا گیا جن کے بارے میں ان کی ٹیم نے نتیجہ اخذ کیا کہ ان کا تعلق امریکی افواج کے خلاف ایران کی کوششوں سے تھا۔

واشنگٹن پوسٹ نے کمپنی کے اندرونی معاملات سے واقف 2 افراد کے حوالے سے بتایا کہ ان اطلاعات کے سامنے آنے پر ایلون مسک شدید ناراض ہوئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایلون مسک کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ امریکی فوج نے اسٹارلنک کے عسکری ورژن ’اسٹار شیلڈ‘ پر یک طرفہ حملہ آور ڈرونز اڑائے تاہم اس مقصد کے لیے زمینی کارروائیوں کے لیے مختص نسبتاً سستا پیکیج استعمال کیا جا رہا تھا۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایرانی فوج کی جانب سے اسٹارلنک کے استعمال سے متعلق ایک خفیہ رپورٹ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو بھی پیش کی گئی تاہم امریکی محکمہ دفاع نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیے گئے بیان میں کہا کہ وہ وزیر دفاع کے دفتر کو اس معاملے سے متعلق رپورٹ پیش کیے جانے سے آگاہ نہیں ہے۔

دوسری جانب اسپیس ایکس اور ایرانی وزارت خارجہ نے رائٹرز کی جانب سے تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواستوں کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔

رپورٹ کے مطابق اسٹارلنک کو ایران میں کام کرنے کا لائسنس حاصل نہیں تاہم ایلون مسک ماضی میں اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ یہ سروس ایران میں فعال ہے۔

اسٹارلنک کے جنگ زدہ اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے شکار علاقوں میں استعمال، امریکی حکومت کے اس پر کنٹرول اور پابندیوں کا سامنا کرنے والے اداروں کی جانب سے اس کے غیر قانونی استعمال نے بھی توجہ حاصل کی ہے۔

اس حوالے سے یوکرین اور ایران کی جنگوں کے دوران اسٹارلنک کی سرگرمیاں خاص طور پر زیر بحث رہی ہیں۔

ایرانی حکام ماضی میں بدامنی کے دوران عوامی سطح پر انٹرنیٹ تک رسائی محدود یا بند کرتے رہے ہیں۔ جنوری میں ملک گیر احتجاج کے دوران بھی انٹرنیٹ کی بندش دیکھنے میں آئی تھی جس کے نتیجے میں ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ان مظاہروں کے بعد امریکی حکومت نے ہزاروں اسٹارلنک ٹرمینلز خفیہ طور پر ایران پہنچائے تھے۔

اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فروری کے اختتام پر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف موجودہ جنگ کیے جانے کے بعد سے ایرانی حکومت نے انٹرنیٹ تک رسائی پر سخت کنٹرول برقرار رکھا ہوا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں