پاکستانی فوج کی یہ تعیناتی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دفاعی تعاون اور برادرانہ تعلقات کا حصہ ہے۔آئی ایس پی آر
پاکستانی فوج کے دستے سعودی عرب روانہ،خواجہ آصف کی الوداعی تقریب میں شرکت
راولپنڈی:پاک فوج کے دستے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں، اس سلسلے میں روانگی سے قبل الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی، پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج کی یہ تعیناتی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دفاعی تعاون اور برادرانہ تعلقات کا حصہ ہے۔ پاکستانی دستے سعودی عرب کی سرزمین پر طے شدہ معاہدوں اور دفاعی تعاون کے متفقہ طریقہ کار کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

بیان کے مطابق اس تعیناتی کا مقصد سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کرنا ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اعتماد، بھائی چارے اور دفاعی تعاون کے مضبوط رشتے قائم ہیں، جبکہ پاکستان حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔