8 ممالک کا فلسطین میں 2027 کی پہلی سہ ماہی میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کرانے کا مطالبہ


فلسطینی علاقوں میں آخری قانون ساز انتخابات 2006 میں ہوئے تھے.

شائع

فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

آسٹریلیا، برطانیہ، فرانس اور کینیڈا سمیت 8 ممالک نے فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا ہے کہ 2027 کی پہلی سہ ماہی میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کرائے جائیں۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے جولائی میں پارلیمانی انتخابات کو کرانے کا اعلان کیا تھا بعدازاں انتخابات ملتوی کرکے 11 ستمبر 2027 کی نئی تاریخ دی ۔انہوں نے صدارتی انتخابات بھی اسی تاریخ کو کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔محمود عباس نے انتخابات ملتوی کرنے کی وجوہات میں اسرائیلی اقدامات اور غزہ کی سکیورٹی صورت حال کا حوالہ دیا تھا۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آسٹریلیا، بیلجیم، کینیڈا، فرانس، لکسمبرگ، ناروے، پولینڈ اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے انتخابات سے متعلق یہ مطالبہ ایک مشترکہ بیان میں کیا ہے جوفرانسیسی وزارت خارجہ نے جاری کیا۔

مشترکہ بیان میں ان ممالک نے فلسطینی صدر محمود عباس کے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا کہ انہوں نے 28 نومبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات اور 2027 کے اوائل میں متوقع صدارتی انتخابات ملتوی کردیے تھے۔

اس سے قبل یورپی یونین نے بھی فلسطینی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے گزشتہ ماہ اپنے بیان میں کہا تھا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جمہوری انتخابات کا انعقاد بہت پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔

رائٹرز کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے ستمبر 2025 میں فرانس کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیے جانے کے تناظر میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے تحریری طور پر دونوں انتخابات کرانے کا عہد کیا تھا۔

بعد ازاں انتخابات ملتوی کرکے ستمبر 2027 کی تاریخ مقرر کردی گئی جس پر اب 8 ممالک نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابی عمل 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مکمل کیا جائے۔

فلسطینی علاقوں میں آخری قانون ساز انتخابات 2006 میں ہوئے تھے جس میں حماس نے غیر متوقع کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد فتح اور حماس کے درمیان سیاسی اختلافات بڑھ گئے جو 2007 میں غزہ پر حماس کے کنٹرول کی صورت میں سامنے آئے۔

دوسری جانب غزہ میں جاری جنگی صورتحال کے باعث تقریباً پوری آبادی بے گھر ہو چکی ہے اور بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہے جس کے باعث انتخابی عمل کا انعقاد مشکل دکھائی دیتا ہے۔

واضح رہے کہ محمود عباس 2005 میں 4 سالہ مدت کے لیے منتخب ہوئے تھے لیکن گزشتہ 15 سال سے زائد عرصے سے صدارتی حکم ناموں کے ذریعے حکومت کر رہے ہیں جس پر انہیں اندرون و بیرون ملک تنقید کا سامنا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں