شائع
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے اپوزیشن رہنما اور سابق آرمی چیف گادی آئزن کوٹ کی قیادت میں مجوزہ اتحادی حکومت کے قیام کے لیے عارضی طور پر اقتدار چھوڑنے پر آمادگی ظاہر کردی۔
اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے کے بعد کسی بھی رہنما کو حکومت بنانے کے لیے واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی تھی جس کے بعد صدر نے گادی آئزن کوٹ کو حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی۔آئزن کوٹ کے پاس حکومت بنانے کے لیے 6 دسمبر تک کا وقت ہے تاہم انہیں مزید 14 دن کی توسیع بھی مل سکتی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ قومی اتحاد کی مجوزہ حکومت میں عارضی طور پر اقتدار چھوڑنے کے لیے تیار ہیں جس کی قیادت ابتدائی طور پر گادی آئزن کوٹ کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے نیتن یاہو نے دونوں جماعتوں کے درمیان مجوزہ معاہدے میں اقتدار کی باری باری منتقلی کی پیشکش کی اور کہا کہ وہ دوسرے مرحلے میں وزیراعظم کا منصب سنبھال سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اصولی طور پر اسرائیلی حکومت کی قیادت انہیں کرنی چاہیے تاہم موجودہ حالات اور ملک کو لاحق خطرات کے پیش نظر انہیں اپنی ذاتی ترجیحات ایک طرف رکھنی ہوں گی۔
نیتن یاہو نے کہا کہ وجود کو لاحق خطرے کی سنگینی اور اس امکان کے پیش نظر کہ ایسی حکومت قائم ہوسکتی ہے جو اس خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت نہ رکھتی ہو، ایک رہنما کی حیثیت سے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام معاملات کو پس پشت ڈال دیں۔
دوسری جانب گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی پیشکش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت ’یاشار‘ کی مذاکراتی ٹیم کئی ہفتوں سے نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کے ساتھ حقیقی، مخلصانہ اور تیز رفتار مذاکرات کی کوشش کررہی ہے تاہم اسے انکار اور ٹال مٹول کا سامنا کرنا پڑا۔
آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کو دعوت دی کہ وہ ان کی جماعت کی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ حکومت کی بنیادی پالیسیوں اور اہم معاملات پر سنجیدہ بات چیت کریں۔
رپورٹ کے مطابق آئزن کوٹ نے رواں ہفتے بائیں بازو کی جماعت ’دی ڈیموکریٹس‘ اور دائیں بازو کی جماعت ’اسرائیل بیتینو‘ کے ساتھ اتحادی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ان جماعتوں کی حمایت سے انہیں پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
