پاناما میں ایک بچے میں پُراسرار ہیپاٹائٹس کی تشخیص ہوئی ہے۔
شین خوا خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاناما وزارت صحت کے شعبہ وبائی امراض کے سربراہ لورڈس مورینو نے ایک 2 سالہ بچے میں پُراسرار ہیپاٹائٹس کی تشخیص کی تصدیق کی ہے۔
قومی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ کی ریاست اوہائیو میں بھی مزید 8 بچے پُر اسرار ہیپاٹائٹس کا شکار ہو گئے ہیں۔
متاثرہ بچوں میں سب سے بڑے بچے کی عمر 10 سال ہے۔ بچوں میں سے ایک کو جگر کی منتقلی کی گئی ہے۔
اس طرف امریکہ بھر میں ہیپاٹائٹس کے مریض بچوں کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔
ملک کی شمالی ریاست ڈاکوٹا میں بھی ہیپاٹائٹس کا پہلا کیس رپورٹ ہو گیا ہے۔ ریاست آلاباما میں کیسوں کی تعداد 9 اور کیلیفورنیا میں 7 ریکارڈ کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی طرف سے 4 مئی کو جاری کردہ بیان میں 20 ممالک میں کم از کم 228 ہیپاٹائٹس مریضوں کی اطلاع دی گئی اور کہا گیا تھا کہ وائرس کے شکار 18 بچوں کے جگر ناکارہ ہونے کی وجہ سے انہیں جگر کی منتقلی کی گئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے 16 اپریل کے تحریری بیان میں انگلینڈ میں 74 بچوں میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہیپاٹائٹس وائرس کی تشخیص کا اعلان کیا تھا۔
اپریل کے اواخر میں اسپین، جرمنی، پولینڈ، ڈنمارک، جاپان، امریکہ، کینیڈا اور اسرائیل میں بھی ہیپاٹائٹس کیسوں کی تشخیص ہوئی تھی۔
وائرس کے شکار بچوں میں پیلاہٹ، اسہال، قے اور پیٹ کے درد جیسی علامات دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ بعض کیسوں میں جگر میں شدید التہاب کی وجہ سے جگی کی منتقلی بھی کی گئی ہے۔
