کراچی: ناظم آباد انڈر پاس میں سائن بورڈ گرنے سے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 زخمی ہوگئے جن میں سے ایک اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ناظم آباد سے لیاقت آباد جانے والے انڈر پاس میں سائن بورڈ گرنے سے پیش آیا۔ ایس ایچ او ناظم آباد شاہد خان نے بتایا کہ ناظم آباد انڈر پاس محسن بھوپالی کے نام کا بورڈ گرنے کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والے 3 افراد زخمی ہوئے۔
ایک موٹر سائیکل پر شاہ فیصل کالونی کے رہائشی 2 افراد کاشف اور عامر سوار تھے جبکہ دوسری موٹر سائیکل پر عزیز آباد کا رہائشی شاہد سوار تھا۔
ایدھی حکام کے مطابق زخمی 35 سالہ عامر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
