English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

خیبرپختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں،19 خوارج مارے گئے، 3 جوان شہید

Operations of security forces

راولپنڈی:خیبرپختونخوا میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف 3مختلف کارروائیوں کے دوران 19 خوارج کو ہلاک کر دیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 6 اور 7 جنوری کو کی گئیں۔ ضلع پشاور کے علاقے متنی میں خفیہ اطلاع پر کی گئی پہلی کارروائی میں فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں8 خوارج مارے گئے۔

دوسری کارروائی ضلع مہمند کے علاقے بائیزئی میں ہوئی،جہاں دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکورٹی فورسز نے مزید 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

تیسری کارروائی ضلع کرک میں انجام دی گئی، جس میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان تمام کارروائیوں میں خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے تباہ کیا گیا۔

ان آپریشنز کے دوران 3بہادر سپاہی شہید ہوئے جن میں 38 سالہ لانس حوالدار عباس علی (ضلع غذر، گلگت بلتستان)، 37 سالہ نائیک محمد نذیر (ضلع اسکردو)  اور 37 سالہ نائیک محمد عثمان (ضلع اٹک، خیبرپختونخوا) شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکورٹی فورسز اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ قوم کے یہ بہادر سپاہی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے عزم کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے