ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

حکومت پیٹرول 50 روپے فی لیٹر سستا کرے، حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں مسلسل کمی کو دیکھتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں کم از کم 50 روپے فی لیٹر کمی کا فوری اعلان کیا جائے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ 50 دنوں میں خام تیل کی قیمت 12 ڈالر فی بیرل سے زائد کم ہو چکی ہے اور یہ قیمت 82 ڈالر سے کم ہو کر 69.3 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے جو اگست 2021 کی سطح کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی عوام پر پیٹرولیم لیوی کی مد میں ناجائز بوجھ ڈال رکھا ہے جسے فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں ایک ڈالر اضافے پر قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں، لیکن کمی کا فائدہ عوام کو نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو اس کمی کا فائدہ ملنا چاہیے، خاص طور پر رمضان المبارک کے دوران جب مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے رمضان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے قوم کے ساتھ مذاق ہیں، کیونکہ اشیائے ضروریہ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ پیٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی کرے اور پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کو ختم کرے تاکہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے کچھ ریلیف مل سکے۔ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مسلسل مہنگائی بڑھانے کے فیصلے ناقابل قبول ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کو عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہییں۔

 انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی اور حکومت کو جوابدہ ٹھہرائے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں