واشنگٹن:امریکی کانگریس میں صدر ٹرمپ کی ذہنی حالت پر سوال اٹھادیا گیا۔
بی بی سی کے مطابق کمیٹی کی کارروائی دوبارہ شروع ہونے پر وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ اور ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس سارا جیکبز کے درمیان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹروتھ سوشل پر حالیہ پوسٹس کے حوالے سے تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
جیکبز کے پیچھے موجود ایک معاون نے صدر ٹرمپ کی سابقہ سوشل میڈیا پوسٹس کے کٹ آو ¿ٹس اٹھا رکھے تھے، جن میں ایک وہ اے آئی سے تیار کردہ تصویر بھی شامل تھی (جو بعد میں حذف کر دی گئی) جس میں صدر کو مسیحا نما انداز میں دکھایا گیا تھا۔
سارا جیکبز نے سوال کیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ صدر ذہنی طور پر اتنے مستحکم ہیں کہ کمانڈر اِن چیف کی ذمہ داری نبھا سکیں؟اس پر ہیگستھ نے جوابی سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ نے یہی سوال چار سال تک جو بائیڈن کے بارے میں بھی پوچھا تھا؟۔
انھوں نے مزید کہا کہ آپ نے ایسا نہیں کیا اور میں اس حد تک توہین آمیز رویے میں شامل ہی نہیں ہوں جو آپ کمانڈر اِن چیف کے خلاف اختیار کر رہی ہیں۔
آپ وہ سوال اب پوچھ رہی ہیں، جبکہ آپ اور آپ کے ساتھی ڈیموکریٹس ایک ایسے صدر کا دفاع کرتے رہے جنھیں بولنے میں دشواری ہوتی تھی۔
اس پر سارا جیکبز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو بائیڈن سنہ 2024 کے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار نہیں تھے۔