کوئٹہ: جمعیت علما ئے اسلام کے رہنما ، سابق رکن قومی اسمبلی ، سابق سینیٹر حافظ حسین احمد صاحب کا انتقال ہوگیا ہے۔جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما، ممتاز اسلامی اسکالر اور سابق رکن قومی و سینیٹ اسمبلی حافظ حسین احمد74 برس کی عمرمیں انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔حافظ حسین احمد 1951 میں کوئٹہ کے ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم قرآن، حدیث، فقہ اور عربی ادب میں حاصل کی۔ وہ دارالعلوم دیوبند کے مسلک سے وابستہ تھے اور دینی علوم میں درسِ نظامی اور حفظِ قرآن کی اسناد رکھتے تھے۔
سیاسی کیریئر کا آغاز انہوں نے 1973 میں بلوچستان کی سیاست سے کیا۔ بعد ازاں قومی سطح پر جمعیت علمائے اسلام میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ دو مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، پہلی بار 1988 سے 1990 اور دوسری بار 2002 سے 2007 تک۔ اس کے علاوہ وہ مارچ 1991 سے مارچ 1994 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن بھی رہے۔
حافظ حسین احمد پاکستان نیشنل الائنس کے اہم رہنماؤں میں بھی شمار ہوتے تھے اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ان کی وفات سے ملک ایک مدبر سیاستدان اور جید عالمِ دین سے محروم ہو گیا ہے۔ مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی حلقوں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق حافظ حسین احمد کی نمازِ جنازہ وتدفین کا اعلان جلد کیا جائے گا۔