تمیم اقبال کی طبیعت میں بہتری، اگلے 24 گھنٹے اہم قرار
بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال کی حالت میں بہتری آ رہی ہے اور وہ اب روبہ صحت ہیں۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال اب بھی انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج ہیں، تاہم ان کی حالت پہلے سے بہتر ہو رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق تمیم اقبال خطرے سے باہر آ چکے ہیں اور گزشتہ رات انہوں نے اپنے اہلخانہ کے سہارے معمولی حرکت بھی کی۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹے اب بھی انتہائی اہم ہیں اور اگر کوئی پیچیدگی پیدا نہ ہوئی تو ان کی صحت مزید بہتر ہو جائے گی۔
بنگلادیشی حکومت بھی تمیم اقبال کی صحت کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، اور ان کے مکمل علاج کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈھاکا پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران پیش آیا، جب تمیم اقبال گراؤنڈ میں اچانک بے ہوش ہو گئے اور کومہ میں چلے گئے۔ ٹیم کے سپورٹ اسٹاف نے فوری طور پر سی پی آر (Cardiopulmonary Resuscitation) دیا، جس سے ان کی جان بچانے میں مدد ملی۔ بعد ازاں انہیں ایمرجنسی میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی انجیو پلاسٹی کی گئی۔